Site icon Tashakur News

بلوچستان چاغی اور پشین میں کارروائیاں، 21 دہشت گرد ہلاک، 6 اہلکار شہید

Security forces during a counter-terrorism operation in Balochistan.

Security forces conduct counter-terrorism operations in Balochistan.

بلوچستان کے اضلاع چاغی اور پشین میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 21 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو افسران اور کسٹمز کے ایک اہلکار سمیت 6 اہلکار شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب نوکچا، ضلع چاغی اور زیارت کراس، ضلع پشین میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔

چاغی میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد این-40 کوئٹہ-تفتان شاہراہ پر غیر قانونی ناکہ قائم کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کا مقصد مسافروں کی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنا اور بھتہ وصول کرنا تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا۔

پشین میں فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں نے کسٹمز ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے حملہ ناکام بناتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کا بھی تعاقب کیا گیا۔ کسٹمز ہاؤس پر حملے کا مقصد کسٹمز حکام کو قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا تھا۔

فائرنگ کے تبادلے میں دو افسران اور محکمہ کسٹمز کے ایک اہلکار سمیت 6 اہلکار شہید ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں باقی دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن شروع کردیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقامی آبادی اور اہم قومی شاہراہوں کے تحفظ کے لیے سرچ آپریشن جاری رہے گا۔ فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرچکی ہیں۔

Exit mobile version