محکمہ نارکوٹکس کنٹرول ونگ نے منشیات فروشوں کے خلاف دو مختلف کارروائیوں میں 4 ہزار 200 گرام آئس برآمد کرلی۔ کارروائی کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
محکمہ ایکسائز سندھ کے مطابق ضلع شرقی میں کارروائی کے دوران منشیات فروشی میں ملوث ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضے سے 200 گرام آئس، جسے میٹامفیٹامائن بھی کہا جاتا ہے، برآمد ہوئی۔
خاتون کی نشاندہی پر نارکوٹکس کنٹرول ونگ نے مدراس کالونی میں ایک مکان پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران مبینہ منشیات فروش فریدہ، لیلیٰ اور اس کے بیٹے اسد کو گرفتار کرلیا گیا۔
حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے مزید 4 ہزار گرام آئس برآمد ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزمان کے شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات کی خرید و فروخت اور سپلائی کے نیٹ ورک سے منسلک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق برآمد شدہ منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 75 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے کارروائی کرنے والی ٹیم کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔

