77 سالہ امریکی گلوکار نے میسوری میں کنسرٹ کے دوران آخری گیت بیٹھ کر مکمل کیا، ڈاکٹروں نے ممکنہ پانی کی کمی کا جائزہ شروع کردیا۔
میسوری: امریکی گلوکار اور موسیقار لیونل رچی کو میسوری کے شہر سینٹ لوئس میں کنسرٹ کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) میں رکھا گیا ہے۔
77 سالہ گلوکار نے 29 اگست کو دی منی میں پرفارم کیا۔ کنسرٹ کے اختتام پر وہ کچھ کمزور دکھائی دیے اور آخری گیت ’آل نائٹ لانگ‘ کے دوران کرسی منگوائی۔ انہوں نے گیت بیٹھ کر مکمل کیا۔
رپورٹس کے مطابق رچی نے کنسرٹ کے بعد احتیاطاً مقامی اسپتال میں طبی معائنہ کرایا۔ ڈاکٹروں نے ان کی طبیعت کی ممکنہ وجہ کے طور پر معمولی پانی کی کمی کا جائزہ لیا ہے۔
ابتدائی رپورٹس میں رچی کے اسٹیج پر گرنے یا بے ہوش ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔ بعض آن لائن دعووں کے برعکس، دستیاب اطلاعات کے مطابق انہوں نے اپنی پرفارمنس مکمل کی اور اس کے بعد طبی امداد حاصل کی۔
یہ رچی کے لیے رواں سال صحت سے متعلق دوسرا واقعہ ہے۔ جون میں سینٹ پال، مینیسوٹا میں ایک کنسرٹ کے دوران انہیں چکر آنے کے بعد پرفارمنس روکنا پڑی تھی۔ اس واقعے کے بعد انہوں نے کچھ شوز ملتوی کیے تھے۔
رچی اس وقت ارتھ، ونڈ اینڈ فائر کے ساتھ ’سنگ اے سانگ آل نائٹ لانگ‘ ٹور پر ہیں۔ ان کا اگلا مقررہ کنسرٹ 26 ستمبر کو سان فرانسسکو میں ہونا ہے۔

