کراچی: ڈیفنس کے علاقے چھوٹا بخاری میں رہائشی عمارت کے اندر دو خواتین کے درمیان جھگڑے کی وائرل ویڈیوز کے معاملے پر ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے باقاعدہ انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق مقدمے کے اندراج کی وجوہات اور واقعے کے تمام حقائق کا جائزہ لیا جائے گا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ توحید الرحمان کو انکوائری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
تفتیشی پولیس کے مطابق واقعے کا چالان تاحال عدالت میں جمع نہیں کرایا گیا، جبکہ مقدمے سے چھینا جھپٹی اور چوری کی دفعات خارج کردی گئی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اگر مقدمے کے اندراج میں جانبداری ثابت ہوئی تو ملوث افراد اور متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وائرل سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والا سادہ لباس اہلکار مبینہ طور پر کورنگی پولیس سے وابستہ ہے۔ انکوائری کے دوران فوٹیج میں دکھائی دینے والے پولیس اہلکاروں سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔
دوسری جانب خیابانِ بخاری کے فلیٹ میں خواتین کے درمیان جھگڑے اور مبینہ تشدد کی ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ ویڈیو میں نور العین کو زخمی اور خوفزدہ حالت میں دیکھا جاسکتا ہے۔ خاتون کے مطابق جھگڑے کے دوران اس کی ناک اور منہ سے خون نکلا، بال نوچے گئے اور آنکھ پر بھی چوٹ آئی۔
نومولود بچہ: ناظم آباد نجی اسپتال کیس میں گائنی ہیڈ کا ویڈیو بیان سامنے آگیا
پولیس نے واقعے سے متعلق مقدمہ درج کر رکھا ہے، تاہم واقعے کے مکمل حقائق اور پولیس اہلکاروں کی موجودگی سے متعلق مزید تفصیلات انکوائری مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔

