Tashakur News

سندھ پولیس کوہ پیمائی ٹیم: پہلی ٹیم کی تربیت مکمل، 25 اہلکاروں میں اسناد تقسیم

کراچی: سندھ پولیس کی پہلی کوہ پیمائی ٹیم کے تربیتی کورس کی تکمیل پر کراچی میں تقریب تقسیم اسناد منعقد ہوئی، جس میں چار خواتین سمیت 25 افسران اور اہلکاروں کو کامیاب تربیت مکمل کرنے پر سرٹیفکیٹس دیے گئے۔

تقریب محمد علی شاہ آڈیٹوریم، سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران سندھ پولیس کی پہلی کوہ پیمائی ٹیم کی تشکیل، تربیت اور تیاری کے مراحل پر مبنی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔

ڈی آئی جی ٹریننگ فیض اللہ کوریجو کے مطابق آئی جی سندھ کے وژن کے تحت سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ نے کوہ پیمائی ٹیم کی تشکیل اور تربیت کا آغاز کیا۔ ابتدائی مرحلے میں سندھ پولیس کے مختلف یونٹس سے تقریباً 60 افسران کو منتخب کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ جسمانی اور ذہنی آزمائشوں سمیت مختلف تربیتی مراحل کے بعد چار خواتین سمیت 25 افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے مکمل تربیت حاصل کرلی ہے اور اب کوہ پیمائی اور بلند پہاڑوں پر چڑھنے کے چیلنجنگ کھیل کے لیے تیار ہے۔

ڈی آئی جی ٹریننگ کے مطابق ٹیم کی تربیت میں الپائن کلب پاکستان اور عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما اسد علی نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ مستقبل میں مزید تربیت اور مختلف مقابلوں میں شرکت کے لیے نجی شعبے اور دیگر شراکت داروں نے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سندھ پولیس کی پہلی کوہ پیمائی ٹیم کی کامیاب تشکیل اور تربیت پر ڈی آئی جی ٹریننگ، معاون اداروں اور ٹیم کے تمام ارکان کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ کوہ پیمائی دنیا بھر میں ایک منفرد اور مشکل کھیل ہے، جس کے لیے جسمانی صلاحیت، مہارت، بھرپور توجہ اور ٹیم ورک کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی ٹیم کی کامیابی کے لیے ایک دوسرے پر اعتماد اور بھروسہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

آئی جی سندھ نے امید ظاہر کی کہ سندھ پولیس کوہ پیمائی ٹیم مستقبل میں سندھ پولیس اور پاکستان کا نام روشن کرے گی۔ انہوں نے نجی شعبے اور ان تمام اداروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سندھ پولیس کی مختلف کھیلوں کی ٹیموں کے لیے تعاون فراہم کیا۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ماضی میں سندھ پولیس کی اسپورٹس ٹیموں نے مختلف کھیلوں میں نمایاں مقام حاصل کیا اور اب اس روایت کو دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں کے رجحان میں بتدریج کمی آرہی ہے، جس پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔ کھیلوں سے دوری نئی نسل کی جسمانی نشوونما پر منفی اثرات مرتب کرسکتی ہے۔

آئی جی سندھ کے مطابق نئی بھرتیوں کے دوران بھی نوجوانوں میں جسمانی فٹنس سے متعلق مختلف کمیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اسی لیے سندھ پولیس کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں کے ذریعے صحت مند طرز زندگی کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

تقریب کے اختتام پر تربیتی کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے افسران اور اہلکاروں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، جبکہ ریسکیو 1122، ہلال احمر، الپائن کلب اور لیاقت نیشنل اسپتال سے تعلق رکھنے والے تعاون کرنے والے ماہرین اور ڈاکٹروں کو تعریفی اسناد اور شیلڈز بھی دی گئیں۔

Exit mobile version