Site icon Tashakur News

پاک کویت دفاعی معاہدہ: فوجی تعاون اور تربیتی شعبوں میں شراکت داری مزید مضبوط

اسلام آباد: پاکستان اور کویت نے دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط کردیے ہیں۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے فوجی تعاون، تربیت، استعدادِ کار اور سکیورٹی کے شعبوں میں روابط بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے وزارت دفاع راولپنڈی میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعلقات اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس کے بعد نئے معاہدے پر دستخط ہوئے۔

نئے معاہدے سے 2023 کے دفاعی تعاون معاہدے کے تحت قائم فوجی تعاون کے موجودہ فریم ورک کو مزید وسعت ملے گی۔ اس کے تحت پاک فوج کویتی مسلح افواج کو تربیت، استعدادِ کار میں اضافے، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طور پر طے شدہ شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی۔

پاکستان اور کویت نے معاہدے کو دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کا عکاس قرار دیا۔ دونوں جانب سے دفاعی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

دونوں ممالک نے باہمی سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کے فروغ کے لیے دفاعی تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

اس سے قبل کویتی وزیر دفاع کی سربراہی میں وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریان بھی وفد میں شامل تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقین نے ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور دفاعی تعاون کا دائرہ وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ کویتی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ و آپریشنل صلاحیتوں اور خدمات کو سراہا۔

فریقین کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور کویت کے تاریخی و برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دفاعی شراکت داری کو مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

Exit mobile version