کراچی: پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام یادگارِ اسلاف مرکزی میلاد مصطفیٰ ﷺ ریلی لیاقت آباد سے چھٹن شاہ بابا مزار تک نکالی گئی، جس میں تنظیم کے مرکزی و علاقائی رہنماؤں، کارکنوں اور عوام اہلِ سنت نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کی قیادت چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینیئر محمد ثروت اعجاز قادری اور مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے کی۔ شرکا نے میلاد مصطفیٰ ﷺ کے حوالے سے عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے ناموس رسالت ﷺ، عقیدہ ختم نبوت اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک اپنے قائدین اور شہدائے پاکستان سنی تحریک کے مشن پر عمل پیرا ہے اور ناموس رسالت ﷺ، عقیدہ ختم نبوت اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان کے قائدین نے دہشت گردی کے خلاف مؤثر قانون سازی کے لیے جدوجہد کی اور ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے موجود قوانین کے پس منظر میں ان کی قربانیاں اور کوششیں بھی شامل ہیں۔
ثروت اعجاز قادری نے 295-C کو تنظیم کی ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت ﷺ سے متعلق قانون کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ ان کے مطابق عوام دین، عقیدے اور عشق رسول ﷺ کے معاملے میں حساس ہیں، اس لیے حکمران اور سیاسی قوتیں مذہبی جذبات کو سمجھیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو معاشرے میں انتشار کا باعث بن سکتے ہیں۔
مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ اور عشق رسول ﷺ کے جذبے پر رکھی گئی۔ انہوں نے 295-C کے خلاف منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس قانون کو ’کالا قانون‘ قرار دینے والوں سے متعلق ان کا مؤقف ہے کہ وہ کروڑوں عاشقان رسول ﷺ کے جذبات مجروح کرتے ہیں۔
بلال عباس قادری نے کہا کہ جشن میلاد مصطفیٰ ﷺ مسلمانوں کے لیے محبت رسول ﷺ، عقیدت، اتحاد اور تجدید عہد کا موقع ہے۔ انہوں نے سیرت طیبہ پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں امن، برداشت، عدل، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دینے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک نے ناموس رسالت ﷺ، ختم نبوت، نظریہ پاکستان اور اہل سنت کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی اپنے قائدین اور شہدا کے مشن کو آگے بڑھائے گی۔
مرکزی سیکریٹری جنرل پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی عمرے کی ادائیگی کے باعث ریلی میں شریک نہیں ہوسکے۔
ریلی میں عبداللہ اکرم قادری، درویش قادری، اسٹینڈنگ کمیٹی کے جمیل قادری، سلمان قادری، مرکزی کوآرڈینیٹر طیب حسین قادری، جواد قادری، شہباز قادری، عمران قادری سمیت دیگر مرکزی و علاقائی ذمہ داران اور کارکنان نے شرکت کی۔
اختتام پر شرکا نے عشق رسول ﷺ، ناموس رسالت ﷺ اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے اتحاد و یکجہتی کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

