Site icon Tashakur News

ڈی آئی جی ایسٹ: کرائم کنٹرول اور 12 ربیع الاول کے سیکیورٹی انتظامات مؤثر بنانے کی ہدایت

کراچی: ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کی زیر صدارت ہفت روزہ کرائم اینڈ سیکیورٹی اجلاس ہوا، جس میں ضلعی ایس ایس پیز اور ایس پیز انویسٹیگیشن نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف علاقوں میں جرائم کی صورتحال اور پولیس کی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔

ضلعی ایس ایس پیز نے اپنے علاقوں میں جرائم کی صورتحال، پولیس اقدامات اور جرائم کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں اسٹریٹ کرائم، قتل، ڈکیتی و رابری، منشیات، گاڑیوں کی چوری اور چھیننے سمیت دیگر جرائم پر بھی غور کیا گیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ نے اہم مقدمات میں پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے گٹکا ماوا، منشیات اور آئی آرز میں نامزد ملزمان کے علاوہ اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مؤثر اقدامات پر زور دیا۔

انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ ایسٹ زون میں جرائم کی شرح میں کمی لائی جاسکے۔

ڈاکٹر فرخ علی نے ایسٹ زون کے تمام تھانوں میں پولیس موبائلز کی مرمت اور دیکھ بھال پر بھی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس گاڑیوں کو اچھی حالت میں رکھا جائے تاکہ جرائم کے خلاف کارروائیوں میں مشکلات پیش نہ آئیں۔

اجلاس میں 12 ربیع الاول کے موقع پر کراچی میں ہونے والے جلوسوں، محافل میلاد اور دیگر مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ نے حساس مقامات، مساجد، میلاد گاہوں اور جلوسوں کے راستوں پر اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی مؤثر بنانے اور جلوسوں کے منتظمین سے مسلسل رابطہ رکھنے پر بھی زور دیا۔

ڈاکٹر فرخ علی نے کہا کہ مذہبی اجتماعات کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور طے شدہ سیکیورٹی پلان پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کیا جائے۔

Exit mobile version