اورنگی سیکٹر اے 15 میں راہگیر خاتون سے مبینہ نازیبا حرکات کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کی
کراچی: نازیبا حرکات کے الزام میں پاکستان بازار پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی مدد سے ہوئی۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق وائرل ویڈیو میں ایک شخص کو راہگیر خاتون سے مبینہ نازیبا حرکات کرتے دیکھا گیا تھا۔ پولیس نے ویڈیو کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کی شناخت کی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اویس ولد جمیل کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتاری کے وقت ملزم کے قبضے سے آئس بھی برآمد ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دورانِ تفتیش واقعے کا اعتراف کیا۔ اس کے مطابق یہ واقعہ 21 اگست کو اورنگی سیکٹر اے 15 کے قریب پیش آیا تھا۔
پاکستان بازار پولیس نے ملزم کے خلاف ضابطے کے مطابق مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش بھی شروع کردی ہے۔

