سٹی کورٹ میں ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے مقدمات کی ناقص تفتیش کا معاملہ سامنے آگیا۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے تین مقدمات کے عبوری چالان اعتراضات کے ساتھ واپس کردیئے۔
تینوں مقدمات 2021 میں درج ہوئے
سرکاری وکیل کے مطابق تینوں مقدمات درخشاں پولیس نے درج کیے تھے۔ یہ مقدمات 2021 میں درج ہوئے تھے۔ انمول عرف پنکی تینوں مقدمات میں اشتہاری قرار دی گئی تھی۔
تینوں مقدمات میں ایک ایک شریک ملزم بھی نامزد تھا۔ عدالت ان شریک ملزمان کو بری کرچکی ہے۔
چالان میں اہم معلومات شامل نہیں کی گئیں
سرکاری وکیل نے اعتراض کیا کہ عبوری چالان میں انمول عرف پنکی کے اشتہاری ہونے کا ذکر نہیں کیا گیا۔ چالان میں شریک ملزمان کی بریت سے متعلق معلومات بھی شامل نہیں تھیں۔
بری ہونے والے ملزمان میں فہد حسین، سمیر اور قمر شامل ہیں۔
سرکاری وکیل کے مطابق انمول عرف پنکی کو شریک ملزمان کی نشاندہی پر مقدمات میں نامزد کیا گیا تھا۔ پراسیکیوٹر نے ہدایت کی کہ چالان کے ساتھ اسے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کی نقول بھی شامل کی جائیں۔
بریت کے فیصلوں کی نقول بھی طلب
وکیل عارف سیتائی نے کہا کہ شریک ملزمان کی بریت کے فیصلوں کی نقول بھی چالان کے ساتھ شامل کی جائیں۔
پراسیکیوشن نے اعتراضات دور کرکے مکمل دستاویزات کے ساتھ چالان دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

