کراچی: لانڈھی پولیس نے گٹکا ماوا تیار کرنے والی مبینہ منی فیکٹری پر چھاپہ مار کر ایک ملزم کو گرفتار کیا اور بڑی مقدار میں مضرِ صحت ماوا، کیمیکل اور تیاری کا سامان برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی لانڈھی نمبر 5 کے ایریا 5/D میں مکان نمبر 10، گلی نمبر 20 پر قائم مبینہ منی فیکٹری میں کی گئی۔ کارروائی کے دوران جنید ولد شہزاد پرویز کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے 25 پڑیاں مضرِ صحت ماوا اور تقریباً 7 سے 8 کلوگرام تیار ماوا برآمد کیا۔ اس کے علاوہ ماوا تیار کرنے والی ایک بڑی مشین، خوشبو کے کیمیکل، خوشبو پتی، سفید چونا، لال کیمیکل اور مختلف اقسام کی چھنیاں و دیگر سامان بھی قبضے میں لیا گیا۔
ضلع کورنگی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم جنید پہلے بھی گٹکا ماوا کے مقدمے میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق اس کے خلاف تھانہ گلستانِ جوہر میں 2020 میں بھی مقدمہ درج ہوا تھا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف سندھ گٹکا ماوا (امتناع) ایکٹ 2019 کی دفعہ 8(1) کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مزید تفتیش کے لیے مقدمہ SIO کے سپرد کردیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق گٹکا ماوا کی تیاری اور فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

