Tashakur News

آرام باغ: تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف ایک روز میں چار آپریشنز

کراچی: کمشنر کراچی کی ہدایت پر آرام باغ سب ڈویژن میں تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف ایک ہی روز چار مختلف آپریشنز کیے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ حاظم بھنگوار کے مطابق کارروائیاں لائٹ ہاؤس، یونی پلازہ، ایم اے جناح روڈ اور تبت سینٹر کے علاقوں میں کی گئیں۔

حاظم بھنگوار کے مطابق پولیس اور انتظامیہ نے کارروائیوں کے دوران تجاوزات قائم کرنے والے 8 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کیے، جبکہ غیر قانونی پارکنگ مافیا کے 3 کارندوں کو بھی حراست میں لے کر ایف آئی آر درج کی گئی۔

آپریشن کے دوران متعدد ٹھیلے اور پتھارے ضبط کیے گئے اور سڑکوں سمیت اہم گزرگاہوں کو تجاوزات سے صاف کرایا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق کارروائی کا مقصد شہریوں کے لیے آمدورفت آسان بنانا اور ٹریفک کی روانی بہتر کرنا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ نے کہا کہ مذکورہ مارکیٹوں اور سڑکوں پر تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے، جس کے اثرات شہر کے مجموعی ٹریفک نظام پر بھی پڑتے ہیں۔

حاظم بھنگوار نے واضح کیا کہ تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انتظامیہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت فراہم کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مزید اقدامات بھی کرے گی۔

Exit mobile version