Site icon Tashakur News

کراچی پولیس: ڈسٹرکٹ سینٹرل میں منشیات اور گٹکا ماوا فروشوں کے خلاف کارروائیاں، متعدد گرفتار

کراچی: ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مختلف تھانوں کی حدود میں منشیات اور گٹکا ماوا فروشوں، غیر قانونی تعمیرات اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف پولیس کارروائیاں جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق تھانہ نیو کراچی کی کارروائی میں آئی آر لسٹڈ اور مطلوب منشیات فروش عارف عرف ابا کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 13 گرام آئس برآمد کی گئی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

دوسری کارروائی میں پولیس نے آئی آر لسٹڈ گٹکا ماوا فروش جنید کو گرفتار کرکے 22 پڑیاں گٹکا ماوا برآمد کیا، جبکہ تیسری کارروائی میں عزیر نامی ملزم کو گرفتار کرکے 25 پڑیاں گٹکا ماوا قبضے میں لیا گیا۔ دونوں ملزمان کے خلاف گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔

تھانہ سپر مارکیٹ پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم سات افغان شہریوں کو حراست میں لے کر ری پیٹریئیشن کے مقصد سے امین ہاؤس، جی سی ٹی کالج منتقل کردیا۔

تھانہ عزیز آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے آئی آر لسٹڈ گٹکا ماوا فروش جمعہ خان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 100 پڑیاں گٹکا ماوا، جن کا وزن تقریباً چار کلوگرام تھا، برآمد ہوئیں۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تھانہ گلبہار پولیس نے ناظم آباد نمبر 2 میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پلاٹ نمبر 2F 8/16 پر تعمیراتی سرگرمیوں میں ملوث تین مزدوروں محمد صابر، محمد شاہد اور محمد فیاض کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش CIC لیاقت آباد ڈویژن کے حوالے کردی۔

اسی تھانے کی ایک اور کارروائی میں پولیس نے منشیات فروش عطا الرحمن کو گرفتار کرکے 23 گرام کرسٹل برآمد کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی موجود ہے اور اس کے خلاف گلبہار تھانے میں پہلے بھی مقدمہ درج ہے۔ موجودہ مقدمے کی تفتیش بھی CIC لیاقت آباد ڈویژن کے حوالے کردی گئی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل میں منشیات فروشی، گٹکا ماوا، غیر قانونی تعمیرات اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Exit mobile version