کراچی پولیس نے منشیات تلفی کی تقریب میں مختلف کارروائیوں کے دوران برآمد ہونے والی 104 کلو چرس اور تقریباً 6 ٹن گٹکا و ماوا تلف کردیا۔
سرجانی ٹاؤن میں ڈی آئی جی ویسٹ زون کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ڈی آئی جی ویسٹ، ڈی آئی جی سینٹرل، ایس ایس پی ویسٹ اور ایس پی سینٹرل سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران ضبط کی گئی منشیات کو قانونی طریقہ کار کے تحت تلف کیا گیا۔ ڈی آئی جی ویسٹ نے کہا کہ کراچی پولیس کی تاریخ میں پہلی بار منشیات تلفی کی تقریب منعقد کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تقریب کا مقصد منشیات کے خلاف پولیس کے عزم کو واضح کرنا ہے۔ ان کے مطابق اس موقع پر 104 کلو چرس اور تقریباً 6 ٹن گٹکا و ماوا تلف کیا گیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا کہ منشیات تلفی کی تقریب پولیس کے عملی عزم کی عکاس ہے۔ پولیس نے بڑے منشیات فروشوں اور ڈرگ ڈیلرز کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے پھیلاؤ کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس، عدلیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر کام کریں گے۔
آزاد خان نے کہا کہ ضبط شدہ منشیات کی بروقت تلفی کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہداء لینڈ، سندھ پولیس، سرجانی ٹاؤن کا دورہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو انتظامی اور سکیورٹی امور سے متعلق اہم ہدایات بھی جاری کیں

