کراچی کے ضلع وسطی میں محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ منشیات فروش احمد مصطفیٰ کو واٹر پمپ کے علاقے سے گرفتار کرلیا۔
محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کے ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور مزاری کی ہدایت پر انسپکٹر راج کمار نے کارروائی کی۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک کلو اعلیٰ معیار کی چرس، آئس اور ایک گاڑی برآمد ہوئی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور مزاری کے مطابق ملزم گزشتہ کئی ماہ سے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں، جن میں واٹر پمپ، کریم آباد، حسین آباد اور نارتھ ناظم آباد شامل ہیں، میں مبینہ طور پر منشیات سپلائی کر رہا تھا۔
حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 8/26 درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے، جبکہ تفتیش کے دوران مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور مزاری نے کہا کہ ضلع وسطی کو منشیات سے پاک کرنا محکمہ ایکسائز نارکوٹکس کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے منشیات فروشوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اطلاع دینے والے افراد کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔