کراچی میں گل پلازہ آتشزدگی کیس میں محکمہ داخلہ سندھ نے سول ڈیفنس کے دو افسران کو ملازمت سے برطرف کردیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم محمد اقبال میمن نے دونوں افسران کی برطرفی کے احکامات جاری کیے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق برطرف کیے گئے افسران میں ایڈیشنل کنٹرولر فاطمہ میمن اور سینئر انسٹرکٹر مرزا مرسلین بیگ شامل ہیں۔ دونوں افسران پر فرائض میں غفلت، بدعنوانی اور جعلی رپورٹس تیار کرنے کے الزامات ثابت ہوئے۔
محکمے کے مطابق دونوں افسران 2024 اور 2025 کے دوران گل پلازہ شاپنگ سینٹر کا فائر سیفٹی آڈٹ کرانے میں ناکام رہے۔ 17 جنوری 2026 کو گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد مبینہ طور پر جعلی اور بیک ڈیٹڈ آڈٹ رپورٹس بھی تیار کی گئیں۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق شوکاز نوٹسز اور ذاتی سماعت کے دوران دونوں افسران اپنے دفاع میں کوئی قابلِ قبول ثبوت پیش نہیں کرسکے۔
محکمے نے سندھ سول سرونٹس (ایفی شنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 1973 کے تحت دونوں افسران کے خلاف بڑی سزا، یعنی ملازمت سے برطرفی، کا فیصلہ کیا۔

