Tashakur News

کاروباری گرانٹس: دیہی سندھ کے اداروں کے لیے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے تک مالی معاونت

کراچی: دیہی سندھ کے کاروباری اداروں کے لیے کاروباری گرانٹس کی درخواستیں کھول دی گئی ہیں، جن کے تحت اہل منصوبوں کو 3 کروڑ 50 لاکھ روپے تک مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ UNIDO اور سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ (SEDF) نے یورپی یونین کے مالی تعاون سے جاری PAIDAR پروگرام کے تحت اس گرانٹ اسکیم کا آغاز کیا ہے، جبکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔

اس اسکیم کے تحت UNIDO-PAIDAR اور SEDF ہر منصوبے کی اہل لاگت کا مجموعی طور پر 70 فیصد تک فراہم کریں گے، جبکہ درخواست گزار کو کم از کم 30 فیصد حصہ خود ادا کرنا ہوگا۔

گرانٹ اسکیم ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور لاڑکانہ کے کاروباری اداروں کے لیے دستیاب ہوگی۔ ماہی گیری اور آبی زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی، کچرے کی ری سائیکلنگ اور حیاتیاتی فضلے کے مؤثر استعمال سے متعلق منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ خواتین کی زیرِ قیادت کاروبار بھی خصوصی ترجیح حاصل کریں گے۔

موجودہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے، اسٹارٹ اپس، کوآپریٹو ادارے اور کاروباری انجمنیں درخواست دے سکتی ہیں۔ دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار بھی، اگر وہ مذکورہ پانچ اضلاع میں کاروبار شروع یا قائم کرنا چاہتے ہیں، اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے اہل ہوں گے۔

اسکیم کے آغاز سے قبل پانچوں اضلاع میں آگاہی روڈ شوز منعقد کیے گئے، جن میں 700 سے زائد کاروباری افراد اور ممکنہ درخواست گزاروں نے شرکت کی۔ ان نشستوں میں شرکا کو گرانٹ اسکیم، اہلیت کے معیار اور درخواست جمع کرانے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔

یہ پروگرام UNIDO اور SEDF کے درمیان 30 لاکھ 40 ہزار یورو کے مشترکہ مالی معاہدے کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ معاہدے کے مطابق دونوں ادارے 11 لاکھ 70 ہزار یورو فی کس فراہم کر رہے ہیں، جبکہ نجی شعبے سے مزید 7 لاکھ یورو ایکویٹی کی صورت میں متوقع ہیں۔

سیکریٹری پلاننگ سندھ الطاف ایچ ساریو نے کہا کہ حکومت سندھ یورپی یونین، UNIDO اور SEDF کے اشتراک کا خیرمقدم کرتی ہے، کیونکہ یہ شراکت مقامی کاروباری اداروں کو مالی سہولیات تک رسائی، کاروبار مستحکم کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد دے رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ حکومت سندھ شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر دیہی معیشت میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ انہوں نے اہل افراد سے اپیل کی کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنے کاروباری منصوبوں کے ساتھ درخواستیں جمع کرائیں۔

SEDF کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خضر پرویز نے کہا کہ ادارہ ایسے کاروباری افراد کے ساتھ مالی خطرات میں شراکت کر رہا ہے جن کے پاس قابلِ عمل منصوبے موجود ہیں لیکن انہیں رسمی قرضوں تک رسائی حاصل نہیں۔ ان کے مطابق درخواست گزار کی 30 فیصد مالی شراکت اس کے کاروبار میں سنجیدگی اور عزم کو ظاہر کرتی ہے، جبکہ گرانٹ پورٹل کھلا ہے اور درخواستوں کی جانچ کے لیے شفاف معیار مقرر کیا گیا ہے۔

تقریب کے دوران PAIDAR کے پہلے سے جاری SME Business Development Grant Scheme کے تیسرے مرحلے کے تحت منتخب 17 چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کو تقریباً 20 لاکھ 30 ہزار یورو کی گرانٹس بھی فراہم کی گئیں۔ ان اداروں کا تعلق زراعت، فوڈ پروسیسنگ، بیجوں کی پیداوار، ماہی گیری، بایوٹیکنالوجی، انجینئرنگ، معدنیات اور برآمدی تجارت سمیت مختلف شعبوں سے ہے، جبکہ متعدد کاروبار خواتین کی زیرِ قیادت ہیں۔

UNIDO PAIDAR کے پروگرام آفیسر انچارج بدر الاسلام نے کہا کہ PAIDAR صرف مالی معاونت تک محدود نہیں بلکہ کاروباری اداروں کی ترقی، پائیداری بہتر بنانے اور تجارتی مالیات تک رسائی کے لیے تکنیکی معاونت بھی فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق تین گرانٹ سائیکلز کے ذریعے مجموعی طور پر 50 کاروباری اداروں کو تقریباً 63 لاکھ یورو کی گرانٹس فراہم کی جائیں گی۔

درخواستیں SEDF Grant Portal کے ذریعے آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ درخواست گزاروں کے لیے پہلے پورٹل پر رجسٹریشن لازمی ہے۔ حکام کے مطابق تاخیر سے جمع ہونے والی یا نامکمل درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔

PAIDAR یورپی یونین کی مالی معاونت سے UNIDO اور حکومت سندھ کے اشتراک سے چلنے والا پانچ سالہ پروگرام ہے، جو ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور لاڑکانہ میں کاروباری ترقی، بنیادی ڈھانچے، عوامی خدمات اور جامع معاشی ترقی کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔

Exit mobile version