Site icon Tashakur News

پائیدار ترقی: سندھ حکومت کا جدید مالیاتی نظام اور فیصلہ سازی بہتر بنانے پر زور

کراچی: پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے سندھ حکومت نے جدید مالیاتی نظام اور مؤثر فیصلہ سازی پر توجہ بڑھانے پر زور دیا ہے۔ صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات جام خان شورو نے یو این ڈی پی کی قیادت کے ہمراہ ایک مشاورتی ورکشاپ میں شرکت کی، جس میں پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مالیاتی ذرائع اور حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔

ورکشاپ میں چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ نجم احمد شاہ بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر جام خان شورو نے ایس ڈی جیز ایم آئی ایس ڈسیژن سپورٹ سسٹم کا افتتاح کیا، جو مقامی سطح پر پائیدار ترقی کے اہداف پر عملدرآمد اور بہتر فیصلہ سازی میں معاونت کرے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات سندھ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ ان کے مطابق ترقیاتی عمل کو مؤثر بنانے کے لیے جدید مالیاتی ذرائع سے استفادہ کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

جام خان شورو نے کہا کہ پائیدار مالیاتی نظام کے ذریعے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے 2030 ایجنڈے کے حصول کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع اور مؤثر حکمتِ عملی ضروری ہے۔

Exit mobile version