Site icon Tashakur News

سی ویو: کار سے دو لاشیں ملنے پر وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کراچی کے سی ویو سے ایک کار میں دو افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے فوری طور پر تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے مکمل اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور کسی بھی ممکنہ پہلو کو نظر انداز نہ کیا جائے۔ انہوں نے متوفین کی شناخت، موت کی وجوہات اور واقعے کے محرکات سے متعلق معلومات بھی فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

ضیاء الحسن لنجار نے جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کو محفوظ بنانے اور فارنزک تحقیقات یقینی بنانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث عناصر یا ذمہ داروں کا تعین دستیاب شواہد کی روشنی میں کیا جائے۔

وزیر داخلہ سندھ کے مطابق بظاہر ایسے شواہد سامنے آئے ہیں کہ لاشیں کافی عرصے سے گاڑی میں موجود تھیں، تاہم واقعے کی حتمی صورتحال تحقیقات اور فارنزک رپورٹ سامنے آنے کے بعد واضح ہوگی۔

انہوں نے پولیس کو متوفین کی شناخت اور ان کے اہل خانہ تک رسائی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

Exit mobile version