چیف کمشنر اسلام آباد نے سپریم کورٹ کے حکم پر نظرثانی کی استدعا کردی، حکومت بانی پی ٹی آئی کا سرکاری اسپتال میں طبی معائنہ چاہتی ہے
وفاقی حکومت نے عمران خان منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر نظرثانی کی درخواست دائر کردی۔
چیف کمشنر اسلام آباد نے درخواست ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے ذریعے دائر کی۔
درخواست میں سپریم کورٹ کے 18 اگست کے عبوری حکم کو چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
وفاقی حکومت کے مطابق یہ حکم اختیارِ سماعت سے تجاوز کرتا ہے۔ حکومت نے عدالت سے فیصلے پر نظرثانی کی استدعا کی ہے۔
سپریم کورٹ نے گزشتہ روز عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ بنانے کی ہدایت بھی کی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف نے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کیا تھا۔ پارٹی نے کہا تھا کہ وہ فیصلے کی پاسداری کرے گی۔
پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا تھا کہ عمران خان کی صحت کے معاملے پر سیاست نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے نظرثانی درخواست دائر کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت عمران خان کا سرکاری اسپتال میں طبی معائنہ کرانا چاہتی ہے۔

