ٹورنٹو میں جشنِ آزادی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کینیڈا کے نائب صدر فرید خان ابڑو کی جانب سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی، پیپلز پارٹی کینیڈا کی قیادت اور مقامی حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ شرکاء نے قومی پرچم بلند کرکے پاکستان سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کیا۔ تقریب میں یومِ آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔
تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کینیڈا کے صدر چوہدری جاوید گجر، سابق صدر ابراہیم دانیال، میئر، ڈپٹی میئر، مختلف کونسلرز اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ شرکاء نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور سلامتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کینیڈا کی قیادت اور دیگر شرکاء نے فرید خان ابڑو کو پارٹی کا نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ وہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور پارٹی قیادت کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے میں کردار ادا کریں گے۔
ذرائع کے مطابق فرید خان ابڑو کے دورہ پاکستان کا پروگرام بھی زیر غور ہے۔ بعض ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ مستقبل میں انہیں پاکستان میں کسی اہم عہدے یا ذمہ داری کے لیے زیر غور لایا جاسکتا ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ پاکستانی کمیونٹی نے قومی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ یومِ آزادی کی خوشیاں منائیں

