کراچی: ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کی سربراہی میں کرائم اینڈ سیکیورٹی اجلاس ہوا، جس میں ضلعی ایس ایس پیز اور ایس پیز انویسٹیگیشن نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلعی ایس ایس پیز نے اپنے اپنے علاقوں میں جرائم کی صورتحال، پولیس اقدامات اور جرائم کی روک تھام کے لیے جاری کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں اسٹریٹ کرائم، قتل، ڈکیتی و رابری، منشیات، گاڑیوں کی چوری اور دیگر منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف پولیس کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی نے اہم مقدمات میں پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے گٹکا ماوا، منشیات اور دیگر مقدمات میں نامزد ملزمان کے ساتھ اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔
ڈاکٹر فرخ علی نے کہا کہ پولیس جرائم کے سدباب کے لیے کارروائیوں میں مزید تیزی لائے اور شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق اقدامات کا ازسرنو جائزہ لے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

