کراچی: توری بنگش روڈ کے ترقیاتی کام کی تکمیل کے لیے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔
میئر کراچی نے زیرِ تعمیر توری بنگش روڈ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔ محکمہ انجینئرنگ کے حکام نے انہیں منصوبے پر جاری کام اور پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ توری بنگش روڈ شہر کی اہم سڑکوں میں شامل ہے اور ضلع ویسٹ کو کیماڑی سے ملانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی تعمیر مکمل ہونے سے روزانہ ہزاروں شہریوں کے سفر میں آسانی پیدا ہوگی۔
میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی سڑک کا کام 30 ستمبر تک مکمل کرے گی اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور رواں سال تمام منصوبے مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی بہتری کی جانب گامزن ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی شہر کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

