کراچی کے خام تیل لیکیج کے واقعے میں ڈیفنس فیز 6، خیابانِ سحر میں نیشنل ریفائنری لمیٹڈ (NRL) کی خام تیل کی پائپ لائن پھٹ گئی، جس کے بعد سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) نے حفاظتی اعلامیہ جاری کردیا۔
ڈی جی سیپا عاشق لانگا کے مطابق خام تیل کی لیکیج گزشتہ رات تقریباً 10 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد این آر ایل کی رسپانس ٹیم تقریباً رات 12 بجے متاثرہ مقام پر پہنچی اور تیل کے پھیلاؤ کو روکنے کے ساتھ صفائی کا عمل شروع کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسپِل کٹس کے ذریعے خام تیل جمع کیا گیا اور اب تک 20 سے زائد ڈرم تیل برآمد کیا جا چکا ہے۔ متاثرہ مقام پر کھدائی کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے تاکہ لیکیج کے اصل مقام کا تعین کرکے اسے مکمل طور پر روکا جا سکے۔
سیکریٹری ماحولیات فیصل عقیلی نے ہدایت کی کہ متاثرہ مٹی، ریت اور کیچڑ کو ماحولیاتی قوانین کے مطابق ہٹا کر محفوظ طریقے سے تلف کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو لیکیج فوری طور پر روکنے اور آلودہ مواد کی مناسب تلفی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
فیصل عقیلی نے کہا کہ شہریوں کا تحفظ اور ماحول کو مزید آلودگی سے بچانا سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں اور صورتحال کی مکمل نگرانی جاری ہے۔
سیپا نے شہریوں کو متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خام تیل کے قریب سگریٹ نوشی یا کسی بھی قسم کے کھلے شعلے سے گریز کیا جائے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ لیکیج یا تیل کے مزید پھیلاؤ کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔

