Tashakur News

کراچی پولیس: مختلف ہسپتالوں میں اہلکاروں اور اہلخانہ کی طبی سہولیات کا جائزہ

کراچی میں کراچی پولیس کی ویلفیئر برانچ کے انچارج انسپکٹر شرافت خان نے سب انسپکٹر شاہد کے ہمراہ مختلف ہسپتالوں کا دورہ کیا اور پولیس افسران، اہلکاروں اور ان کے اہلخانہ کو فراہم کی جانے والی طبی و دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران لیاقت نیشنل ہسپتال میں 13 اگست کو روڈ ایکسیڈنٹ میں زخمی ہونے والے گارڈن تھانے کے سپاہی سرفراز کی عیادت کی گئی۔ پولیس کے مطابق اہلکار کا آپریشن ہو چکا ہے۔ فوکل پرسن ملک آصف نے انسپکٹر شرافت خان کو سرفراز کی صحت اور علاج سے متعلق بریفنگ دی۔

انسپکٹر شرافت خان نے زخمی اہلکار کے والد سے ملاقات کی اور علاج معالجے میں ہر ممکن تعاون کے ساتھ بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

بعد ازاں اے او ہسپتال کا دورہ کیا گیا، جہاں زیر علاج پولیس اہلکار پی سی یوسف، ایس آئی پی اجمل رشید، ایس آئی پی ثاقب الدین کے صاحبزادے، پی سی تمیم اقبال اور پی سی محمد عرفان کے صاحبزادے سے ملاقات کی گئی۔ اس موقع پر ان کی صحت اور علاج کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں۔

انسپکٹر شرافت خان نے اے او ہسپتال کے فوکل پرسن سے پولیس افسران، اہلکاروں اور ان کے اہلخانہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی معلومات لیں۔ ہسپتال کے کارپوریٹ ڈیپارٹمنٹ کے عبداللہ سے اسٹیٹ لائف سے متعلق مسائل پر بھی گفتگو کی گئی اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

ویلفیئر برانچ کے انچارج نے بعد ازاں PEBS ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں ویلفیئر افسر ویسٹ زون انسپکٹر امتیاز حسین، انسپکٹر وسیم اور فوکل پرسن LHC فضیلہ موجود تھیں۔ انسپکٹر شرافت خان نے پولیس اہلکاروں کے جاری اسکریننگ ٹیسٹس کا جائزہ لیا اور طبی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات دیں۔

اسی سلسلے میں قطر ہسپتال کا اچانک دورہ بھی کیا گیا۔ انسپکٹر شرافت خان نے ہسپتال کے مختلف رجسٹرز، ریکارڈ، عملے کی حاضری اور ڈیوٹی کا تفصیلی معائنہ کیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سندھ پولیس کے افسران، جوانوں اور ان کے اہلخانہ علاج کے لیے ہسپتال آئیں تو ان کا بروقت اور مناسب طبی معائنہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو بہترین طبی سہولیات اور ضروری فسیلیٹیشن فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

Exit mobile version