Site icon Tashakur News

عبدالعلیم خان: ٹرانسپورٹرز سے کیے وعدے ہر حال میں پورے کریں گے

کراچی میں عبدالعلیم خان کے اعزاز میں گڈز ٹرانسپورٹرز نے مذاکرات کی کامیابی پر استقبالیہ دیا۔ وفاقی وزیر مواصلات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ٹرانسپورٹرز سے جو وعدے کیے ہیں، انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔

عبدالعلیم خان نے ٹرانسپورٹرز کو یقین دلایا کہ موٹروے پولیس کی جانب سے کوئی ناجائز چالان نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی گاڑی خلاف ورزی نہیں کرتی تو اس کے چالان کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

وفاقی وزیر نے ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ وہ ایکسل لوڈ پالیسی کی خلاف ورزی سے گریز کریں، کیونکہ مقررہ حد سے زیادہ وزن لادنے سے گاڑیوں اور سڑکوں دونوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کے وزن، رفتار اور دیگر مقررہ حدود کی پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے انہیں ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے قائم کمیٹی کی سربراہی کی ذمہ داری سونپی تھی، جس پر نو دن تک مسلسل مذاکرات جاری رہے۔ عبدالعلیم خان نے مذاکرات کی کامیابی کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی قیادت کے خلوص کو سراہا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ملکی ترقی کے لیے ان کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑی تو وہ خود سڑکوں پر جا کر ٹرانسپورٹرز کے مسائل کا جائزہ لیں گے۔

عبدالعلیم خان نے سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور آئی جی موٹرویز کو شاہراہوں کے دورے کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ویٹ اسٹیشنز سے متعلق ٹرانسپورٹرز کی شکایات فوری دور کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ موٹروے پولیس کے ذریعے ڈرائیورز کے لائسنس کے اجرا کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق موٹروے پولیس اور این ایچ اے کو عوام دوست ادارے بنانے کے لیے اہم پالیسیاں تشکیل دی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کو ملک و قوم کے مفاد میں بہترین فیصلے کرنا اور ان پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے بھی مقررہ قوانین اور حفاظتی ضوابط کی پابندی کرنے کی اپیل کی۔

اس موقع پر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے حکومت اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز حکومت کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

استقبالیے میں اویس چوہدری ایڈووکیٹ، امداد حسین نقوی، چوہدری قمر الزمان گل، اظہر سراج، رؤف خان بالا، ملک شیر خان اور ملک حاجی فرید سمیت دیگر افراد موجود تھے۔ اس موقع پر شرکاء نے وفاقی وزیر کے حق میں نعرے لگائے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

Exit mobile version