کراچی، 17 اگست 2026: گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ترقی اور روشن مستقبل کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی طرف بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی صلاحیتیں بہتر بنائیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
سید محمد نہال ہاشمی نے یہ بات این جے وی اسکول کے دورے کے موقع پر طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ این جے وی اسکول مینجمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسعود اور دیگر عہدیداروں نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے بہتر مستقبل کی امید میں پاکستان ہجرت کی تھی۔ آج کی نوجوان نسل کو بھی بہتر مستقبل کے لیے جدید علوم اور ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنی چاہیے۔
انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ روزگار، قرضوں، لیپ ٹاپ اور دیگر سہولیات کے لیے ڈیجیٹل یوتھ ہب سے فائدہ اٹھائیں۔ ان کے مطابق نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل شعبہ نئے مواقع پیدا کر رہا ہے، اس لیے انہیں ٹیکنالوجی کی تعلیم اور عملی مہارتوں پر توجہ دینی چاہیے۔
سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرون ملک جانا ایک مثبت قدم ہے، تاہم طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آکر ملک کی خدمت کرنی چاہیے۔
چائلڈ لیبر سے متعلق ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ بچوں سے مشقت کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو ملک بھر میں نافذ کیا جائے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل تعلیم یافتہ اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تعلیم کے ساتھ تحقیق، تخلیقی صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی توجہ دینے کی تلقین کی۔
دورے کے دوران سید محمد نہال ہاشمی نے این جے وی اسکول کے تاریخی ہال کا بھی معائنہ کیا، جہاں برصغیر کی تاریخ کے اہم مرحلے میں پہلی دستور ساز اسمبلی کے اجلاس منعقد ہوئے تھے۔
انہوں نے اسکول کے کلاس رومز، لائبریری، سائنس لیب، کھیل کے میدان اور آرٹس اینڈ کلچر کے شعبے کا بھی دورہ کیا اور تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

