Site icon Tashakur News

یومِ آزادی: پاکستان بھر میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ تقریبات، توپوں کی سلامی

پاکستان میں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے اور ملی یکجہتی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔

اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی۔ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔ اس موقع پر اسلام آباد کی فضا تکبیر کے نعروں سے گونج اٹھی۔

کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، گلگت بلتستان اور مظفرآباد میں بھی پاک فوج کے دستوں نے توپوں کی سلامی پیش کی۔

مزارِ قائد پر تبدیلیِ گارڈز

کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر تبدیلیِ گارڈز کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ اعزازی گارڈ میں پاک بحریہ کے سیلرز اور نیول اکیڈمی کے کیڈٹس شامل ہیں۔

کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے مزارِ قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی مزارِ قائد پر حاضری دی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان دفاعی اعتبار سے ناقابلِ تسخیر ہوچکا ہے۔ مسلح افواج نے ملک کے دفاع کے لیے بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان ووٹ کی طاقت سے وجود میں آیا۔ سندھ کو قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

مسلح افواج کا دفاعِ وطن کا عزم

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف نیول اسٹاف اور چیف آف ایئر اسٹاف نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔

مسلح افواج کے سربراہان نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج قوم کے ساتھ مل کر امن، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گی۔

مسلح افواج کے سربراہان نے بانیانِ پاکستان کے نظریات اور اصولوں کو قوم کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔ ان اصولوں کی روشنی میں پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی جانب آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

Exit mobile version