کراچی میں موٹروے پولیس ساؤتھ زون نے پاکستان کا 79واں یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ ساؤتھ زون کے تمام دفاتر میں جشنِ آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔
مرکزی تقریب زونل آفس کراچی میں ہوئی۔ ڈی آئی جی ساؤتھ زون جاوید اکبر ریاض نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ڈی آئی جی جاوید اکبر ریاض نے قومی پرچم لہرایا۔ موٹروے پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔
تقریب میں پولیس افسران، ملازمین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
ڈی آئی جی جاوید اکبر ریاض نے بچوں کے ہمراہ یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔ انہوں نے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔
آزادی عظیم نعمت ہے، ڈی آئی جی
جاوید اکبر ریاض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس ملک کی خدمت کے لیے پرعزم ہے۔ شہریوں کی حفاظت اور شاہراہوں پر محفوظ سفر بھی ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈی آئی جی نے افسران اور ملازمین کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے قومی خدمت کا سلسلہ مزید بہتر انداز میں جاری رکھنے پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
