اسلام آباد میں یادگار فتح کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں قومی جذبے، حب الوطنی اور دفاع وطن کے عزم کا بھرپور اظہار کیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ بگل بجا کر صدر مملکت کی آمد کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ان کے ہمراہ تقریب میں پہنچے۔
تقریب میں مسلح افواج کے علاوہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی سول آرمڈ فورسز کے دستوں نے شرکت کی۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پولیس کے دستے بھی تقریب کا حصہ تھے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سروسز چیفس، وفاقی وزرا، غیرملکی سفارت کار اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پنجاب و خیبرپختونخوا کے گورنرز بھی موجود تھے۔
بعد ازاں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یادگار فتح کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، وزیر دفاع، وزیر خارجہ اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
تقریب میں اتحاد، یکجہتی اور قومی وحدت کی بھرپور عکاسی کی گئی۔ یادگار فتح کو قومی تاریخ، معرکہ حق میں کامیابی، شہدا و غازیوں کی قربانیوں اور عزم صمیم کی علامت قرار دیا گیا۔
تقریب کے دوران یادگار فتح کی تعمیر کے مراحل پر مبنی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، جبکہ مختلف دستوں کی شرکت نے قومی اتحاد اور یگانگت کے جذبے کو اجاگر کیا۔

