کراچی میں میر رضا کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے قائم تحقیقاتی کمیٹی کا فیروزآباد پولیس اسٹیشن میں اجلاس ختم ہوگیا۔ اجلاس تقریباً پونے چار گھنٹے جاری رہا، جس میں اہم پولیس افسران سے واقعے کے مختلف پہلوؤں پر پوچھ گچھ کی گئی۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق اجلاس میں ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن عامر فاروقی، ایس ایس پی علی رضا، ایس پی انویسٹی گیشن قیس خان اور ڈی ایس پی سراج لاشاری سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے سابق ڈی ایس پی شاہراہ فیصل ارشد آفریدی اور سابق ایس ایچ او گلستانِ جوہر کامران قریشی کو بھی طلب کیا۔
تفتیش کے دوران ان پولیس افسران اور اہلکاروں کے بیانات قلمبند کیے گئے جو میر رضا کی لاش کی اطلاع ملنے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچے تھے۔ کمیٹی نے موبائل افسر سے لے کر ڈی ایس پی رینک تک کے افسران اور اہلکاروں سے واقعے کے بارے میں سوالات کیے۔
تحقیقاتی کمیٹی واقعے سے متعلق پولیس کارروائی، جائے وقوعہ پر موجود اہلکاروں کے کردار اور ابتدائی تحقیقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔

