Site icon Tashakur News

سوراب دھماکا: 18 دہشت گرد ہلاک، 3 شہری جاں بحق

آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اگست کی صبح سوراب میں فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد بارودی گاڑی تیار کر رہے تھے۔

دہشت گردوں کی جانب سے تیار کی جانے والی وہیکل بورن امپرووائزڈ ایکسپلوسو ڈیوائس اچانک پھٹ گئی۔

بیان کے مطابق دھماکے میں 8 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ دہشت گردوں نے علاقے میں دیگر بارودی مواد بھی ذخیرہ کر رکھا تھا۔

دھماکے کے نتیجے میں یہ مواد بھی پھٹ گیا۔ اس سے قریبی علاقے میں موجود 3 شہری جاں بحق ہوگئے۔

کارروائی میں مزید 10 دہشت گرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس نے مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔

فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ کارروائی کے دوران مزید 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے میں اب تک فتنۃ الہندوستان سے وابستہ 18 دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں۔

شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں باقی دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔

سیکیورٹی فورسز علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کر رہی ہیں۔

بیان کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت ’عزم استحکام‘ کے وژن پر عمل جاری رہے گا۔

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

Exit mobile version