کراچی میں ربیع الاول 1448 ہجری کے آغاز کے سلسلے میں ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ضلعی ایس ایس پیز ٹریفک، اہلسنت تنظیمات کے علما، مذہبی شخصیات اور میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں کے منتظمین نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران 12 ربیع الاول کو منعقد ہونے والے مرکزی جلوسِ میلاد النبی ﷺ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے جلوسوں، محافل اور دیگر مذہبی پروگراموں کے لیے ٹریفک انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام چھوٹے بڑے جلوسوں کے روٹس کی مکمل نگرانی کی جائے۔ انہوں نے جلوسوں کے آغاز اور اختتام کے مقامات سمیت داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر انتظامات کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ میلاد کی محافل اور اہم مقامات پر ضرورت کے مطابق اضافی ٹریفک اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس میں علما اور جلوسوں کے منتظمین نے ٹریفک پولیس کی جانب سے کیے گئے انتظامات اور بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کے افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

