Site icon Tashakur News

سمر انٹرن شپ: سرفراز بگٹی کا بلوچستان میں دہشت گردی اور ریاست مخالف بیانیے پر اظہارِ خیال

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 کے تحت پاکستان کے 21 مختلف اسٹیشنز سے منسلک 6,150 سے زائد طلبہ و طالبات سے خصوصی نشست میں گفتگو کی۔

نشست کے دوران وزیراعلیٰ نے بلوچستان میں دہشت گردی، فتنہ الہندوستان، ریاست مخالف پروپیگنڈے، افغانستان، سوشل میڈیا اور گورننس سمیت مختلف موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔

میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور دیگر دہشت گرد عناصر تشدد اور علیحدگی پسند بیانیے کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایسے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسانی حقوق، خصوصاً لاپتہ افراد کے معاملے کو ریاست مخالف بیانیے اور دہشت گردی کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جائز آوازوں اور تشدد پسند عناصر کے درمیان فرق کرنا ضروری ہے۔

میر سرفراز احمد بگٹی کے مطابق بلوچستان حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کر رہی ہیں۔

افغانستان کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہاں موجود پاکستان مخالف عناصر کے معاملے پر افغان عبوری حکومت کو اپنے عالمی وعدوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مقبول بیانیہ ہمیشہ حق کا بیانیہ نہیں ہوتا اور پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہی حق کا ساتھ دینا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ ہے اور بلوچ عوام کی ترقی، خوشحالی اور بقا پاکستان کی مضبوطی میں ہے۔

Exit mobile version