Site icon Tashakur News

سندھ پولیس: سکھر کی تاجر برادری نے آئی جی جاوید عالم اوڈھو کی قیادت کو سراہا

سکھر میں مقامی ہوٹل میں تاجر برادری اور مختلف تاجر تنظیموں نے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کے اعزاز میں ایک تقریب اور عشائیے کا اہتمام کیا۔

تقریب کے شرکا نے سکھر اور لاڑکانہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں سندھ پولیس کے کردار کو سراہا۔ تاجر رہنماؤں نے آئی جی سندھ کی قیادت اور پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔

تاجر برادری کے نمائندوں نے کہا کہ جاوید عالم اوڈھو کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قیادت کے باعث علاقے میں امن کی فضا قائم ہوئی ہے۔ ان کے مطابق سکھر اور لاڑکانہ میں کاروباری سرگرمیوں کی بحالی میں سندھ پولیس کی مؤثر حکمت عملی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کرنا سندھ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثبت پولیسنگ، عوام کے ساتھ بہتر رویے اور شہریوں کے مسائل کے بروقت حل پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ تاجر برادری اور پولیس مل کر امن و امان برقرار رکھنے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے تاجر برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے لیے پولیس کے اقدامات میں ان کا تعاون ضروری ہے اور مشترکہ کوششوں سے ہی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

تقریب میں تاجر رہنماؤں نے جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کے لیے سندھ پولیس کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پولیس اور کاروباری برادری کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مختلف تاجر تنظیموں کے صدور اور نمائندوں نے آئی جی سندھ کو اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی۔ جاوید عالم اوڈھو نے روایتی تحائف پیش کیے جانے پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں وائس پریزیڈنٹ بلال وقار خان، صدر سکھر چیمبر آف کامرس خالد خان کاکڑئی، لا اینڈ آرڈر کمیٹی کے چیئرمین چوہدری زاہد اقبال، کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر سکھر، ایس ایس پی خیرپور سمیت دیگر پولیس افسران شریک ہوئے۔

اس موقع پر انٹیلی جنس ایجنسیوں اور وفاقی حساس ادارے کے سربراہان، مختلف تاجر تنظیموں کے صدور و عہدیداران اور سکھر کے معززین بھی موجود تھے۔

 

Exit mobile version