کراچی کے جناح اسپتال میں ینگ نرسز ایسوسی ایشن نے انتظامیہ کے ترقیوں سے متعلق فیصلوں کے خلاف احتجاج کیا۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ اسپتال انتظامیہ نے سینیارٹی، میرٹ اور سروس رولز کو نظر انداز کرتے ہوئے بعض نرسز کو ترقیاں دی ہیں۔
ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے مطابق انتظامیہ نے احتجاج کے دوران یقین دہانی کرائی تھی کہ ترقیوں کے جاری کردہ خطوط واپس لیے جائیں گے، تاہم مظاہرین کا کہنا ہے کہ اب تک یہ خطوط واپس نہیں لیے گئے۔
ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا کہ بعض اہل نرسز کو ترقیوں کے عمل میں نظر انداز کیا گیا۔ مظاہرین نے چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کی ترقیوں پر بھی اعتراض اٹھایا۔
ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے مطابق سینیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر موجود امیدوار کو چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ جبکہ نویں نمبر پر موجود امیدوار کو ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر ترقی دی گئی۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ترقیوں کے فیصلوں کا سینیارٹی، میرٹ اور متعلقہ سروس رولز کے مطابق دوبارہ جائزہ لیا جائے۔
اس معاملے پر اسپتال انتظامیہ کا مؤقف فوری طور پر سامنے نہیں آیا۔

