ربیع الاول سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کراچی میں ڈی آئی جی ساؤتھ زون اسد رضا کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سینئر پولیس اور رینجرز حکام، علمائے کرام، جلوسوں اور محافلِ میلاد کے منتظمین سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں مرکزی جلوس سمیت مختلف جلوسوں، محافلِ میلاد، سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، پارکنگ اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر علمائے کرام اور منتظمین نے درپیش مسائل، تجاویز اور سفارشات بھی پیش کیں تاکہ انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کہا کہ ربیع الاول کے دوران پرامن مذہبی اجتماعات کا انعقاد اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام متعلقہ اداروں، علمائے کرام اور منتظمین کے تعاون سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔
اجلاس میں مؤثر رابطہ کاری کے لیے ایک خصوصی واٹس ایپ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس میں پولیس حکام، جلوسوں اور محافلِ میلاد کے منتظمین اور فوکل پرسنز شامل ہوں گے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے سیکیورٹی سے متعلق تازہ معلومات، ٹریفک اپ ڈیٹس، ہنگامی اطلاعات اور شکایات پر فوری ردعمل ممکن بنایا جائے گا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے تمام جلوسوں اور محافلِ میلاد کے سیکیورٹی پلان کو بروقت حتمی شکل دینے، حساس مقامات کی خصوصی نگرانی بڑھانے، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھنے اور منتظمین سے مستقل رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اجلاس کے اختتام پر ربیع الاول کے دوران امن و امان، مذہبی رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ پاکستان کے استحکام اور پولیس کے شہدا کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

