Site icon Tashakur News

رشوت ستانی: کراچی میں شہری سے مبینہ رقم وصولی کی ویڈیو وائرل، تین پولیس اہلکار معطل

رشوت ستانی کے مبینہ واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کراچی پولیس نے تین اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ وائرل ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزری تھانے میں تعینات اہلکاروں نے ایک شہری کو ہراساں کر کے اس سے 30 ہزار روپے بطور رشوت وصول کیے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع جنوبی میں واقع گزری تھانے سے منسلک اہلکاروں کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔ ویڈیو میں مبینہ طور پر پولیس اہلکار ایک گاڑی سوار شہری کو دھمکاتے اور ہراساں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ویڈیو میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہیڈ کانسٹیبل راجا خالد محمود کے حکم پر کانسٹیبل فیاض حسین نے مبینہ طور پر 30 ہزار روپے وصول کیے، جبکہ ایک اہلکار شہری سے یہ کہتے ہوئے سنائی دیتا ہے کہ اگر اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تو انہیں اگلے روز عدالت جانا پڑے گا۔

واقعہ سامنے آنے کے بعد ایس ایس پی ساؤتھ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ویڈیو میں نظر آنے والے تینوں اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

معطل کیے گئے اہلکاروں میں کانسٹیبل راجا خالد محمود، کانسٹیبل محمد علی اور ریٹائرڈ آرمی سے بھرتی ہونے والے کانسٹیبل فیاض حسین شامل ہیں۔ انہیں انکوائری مکمل ہونے تک پی ایچ کیو گارڈن کی سسپنڈ کمپنی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے ڈی ایس پی ڈیفنس نثار احمد قائمخانی کو محکمانہ انکوائری افسر مقرر کیا ہے۔ انکوائری افسر کو وائرل ویڈیو، ڈیجیٹل شواہد اور متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لینے کے ساتھ اہلکاروں اور گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔

پولیس حکام کے مطابق انکوائری رپورٹ واضح سفارشات کے ساتھ سات روز کے اندر پیش کی جائے گی، جس کے بعد حقائق کی روشنی میں مزید محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Exit mobile version