بنارس حادثہ میں ٹرالر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے نوجوان فیضان کے والد نے سینئر سول جج غربی کی عدالت میں 13 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا۔
متوفی کے والد محمد سرفراز نے ٹینکر ڈرائیور حفیظ اللہ اور مالک گلفراز خان کے خلاف دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ 11 محرم کو بنارس پل پر پیش آنے والے حادثے میں ان کا 24 سالہ بیٹا جاں بحق ہوا۔
درخواست گزار کے مطابق فیضان اپنے کزن کے ہمراہ حسین آباد سے واپس آ رہا تھا کہ تیز رفتار ٹرالر نے اسے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
متوفی کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ٹرالر ڈرائیور کی مبینہ غفلت اور تیز رفتاری کے باعث نوجوان کی زندگی ختم ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ فیضان اپنے بوڑھے والدین کے مستقبل کا سہارا تھا۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ حادثے کے ذمہ دار فریقین کو متاثرہ خاندان کو 13 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔

