Tashakur News

ڈیفنس واقعہ: پولیس مددگار 15 کی فوری کارروائی، بچی سے مبینہ زیادتی کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا

ڈیفنس واقعہ میں پولیس مددگار 15 نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق مددگار 15 کو ڈیفنس فیز 2 سی ایریا میں بچی سے جنسی زیادتی کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور کالر سے واقعے سے متعلق اہم معلومات حاصل کیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کالر نے بتایا کہ ایک شخص گھریلو تعلقات کی بنیاد پر ڈیڑھ سالہ بچی کو گھر سے باہر گھمانے کے لیے لے گیا تھا۔ جب وہ بچی کو واپس لایا تو اس کی حالت انتہائی تشویشناک تھی، جس پر اہلِ خانہ نے فوری طور پر اسے اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق ڈاکٹرز نے طبی رپورٹس کی بنیاد پر بچی سے زیادتی کی تصدیق کی، تاہم علاج کے دوران بچی جانبر نہ ہو سکی۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم بچی کو اسپتال منتقل کرنے کے دوران موقع سے فرار ہوگیا تھا، تاہم بعد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گھر سے گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کر کے علاقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پولیس مددگار 15 کی بروقت کارروائی پر متاثرہ خاندان نے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

Exit mobile version