کراچی میں تجاوزات کے خلاف مہم کے تحت کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) نے ضلع وسطی میں بڑا آپریشن کیا۔ کارروائی نارتھ کراچی کے سیکٹر 11-E اور سیکٹر 11-H میں واقع یوپی موٹر سائیکل مارکیٹ میں کی گئی۔
آپریشن کے دوران متعدد غیر قانونی دکانیں مسمار کی گئیں۔ سرکاری زمین بھی واگزار کرا لی گئی۔ کے ایم سی کی ٹیم نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم ٹھیئے، پتھارے اور دیگر تجاوزات بھی ہٹا دیں۔
حکام کے مطابق کارروائی کا مقصد عوامی گزرگاہیں بحال کرنا اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانا ہے۔ انتظامیہ نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم شہر بھر میں جاری رہے گی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد کی ہدایات پر مختلف علاقوں میں مرحلہ وار آپریشن کیے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی قبضے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر انسداد تجاوزات شیر علی نے کی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر میر علی شاہ نے ٹیم کی قیادت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی، علاقہ پولیس اور کے ایم سی کے عملے نے بھی مشترکہ کارروائی میں حصہ لیا۔
انتظامیہ نے کہا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو محفوظ، صاف اور منظم ماحول فراہم کرنا ہے۔

