Site icon Tashakur News

آپریشن گرج: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، متعدد خوارج ہلاک، ٹھکانے تباہ

آپریشن گرج کے تحت خیبرپختونخوا میں گزشتہ دو ماہ کے دوران سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں تیز کرتے ہوئے متعدد خوارج کو ہلاک کرنے اور ان کے ٹھکانے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران فورسز نے متعدد سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع باجوڑ کے علاقے شاکرو میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے مبینہ ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ اطلاعات کے مطابق اس کارروائی میں متعدد خوارج ہلاک اور زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن گرج کے دوران خوارج کے زیرِ استعمال دیسی ساختہ بم بھی ناکارہ بنا کر تباہ کیے گئے۔ زمینی دستوں اور کوارڈ کاپٹروں کی مدد سے کی جانے والی کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں پر دباؤ بڑھایا گیا، جس کے باعث وہ مقامی آبادی والے علاقوں سے پسپا ہونے پر مجبور ہوئے۔

ذرائع کے مطابق تمام کارروائیوں میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی گئی اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ مقامی آبادی کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کے قیام تک انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔

Exit mobile version