سمر انٹرن شپ 2026 کے خصوصی سیشن کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ و طالبات کے سوالات کے مدلل، جامع اور تفصیلی جواب دیے، جبکہ قومی سلامتی، معلوماتی جنگ اور پاکستان کے مؤقف سے متعلق مختلف امور پر بھی آگاہ کیا۔
آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2026 میں شریک طلبہ و طالبات نے بتایا کہ انہیں مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن، پروپیگنڈے اور غیرمصدقہ خبروں سے بچنے کے لیے مؤثر رہنمائی فراہم کی گئی۔ ان کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کی معلوماتی گفتگو نے قومی سلامتی سے متعلق کئی غلط فہمیوں اور ابہام کو واضح کیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال، بھارتی پروپیگنڈے اور پاکستان کے مؤقف پر دی جانے والی تفصیلی بریفنگ نے انہیں زمینی حقائق کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے متعلق پیش کیے گئے حقائق نے مختلف سوالات اور خدشات کا بھی مؤثر جواب دیا۔
سمر انٹرن شپ 2026 کے شرکاء نے درست معلومات کے فروغ، ذمہ دارانہ طرزِ فکر اپنانے اور ملک دشمن پروپیگنڈے کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سمر انٹرن شپ 2026 میں پاکستان بھر کے 21 مختلف اسٹیشنز پر 6 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہیں۔

