Site icon Tashakur News

منظور کالونی: خواتین کو ہراساں کرنے اور ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار

کراچی: منظور کالونی میں خواتین کو ہراساں کرنے، اسلحہ لہرانے اور ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں بلوچ کالونی پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے، جبکہ اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت ناصر محمود خٹک کے نام سے ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 28 جولائی کو بچوں کے تنازع پر دو خواتین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے دوران ملزم موقع پر پہنچا اور معاملہ مزید کشیدہ ہو گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر بخت مینا نامی خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا، خواتین کے خلاف نازیبا اور غیر اخلاقی زبان استعمال کی، اسلحہ لہرا کر انہیں ہراساں کیا اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بلوچ کالونی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے اور تفتیش جاری ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق قانون ہاتھ میں لینے، شہریوں کو ہراساں کرنے اور ہوائی فائرنگ جیسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

Exit mobile version