Site icon Tashakur News

پولیس مقابلہ: کراچی میں سرسید پولیس نے مبینہ اسٹریٹ کرمنل زخمی حالت میں گرفتار کر لیا

کراچی: پولیس مقابلہ کے بعد سرسید پولیس نے مبینہ اسٹریٹ کرمنل محمد علی کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم عادی جرائم پیشہ ہے، اس کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے اور وہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کی اسٹریٹ کرمنلز کی فہرست میں بھی شامل تھا۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ترجمان کے مطابق ملزم کو تھانہ سرسید کی حدود میں گزشتہ شب پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا۔ اس کے خلاف تھانہ سرسید میں مقدمہ نمبر 412/2026 بجرم دفعات 353، 324، 34 اور مقدمہ نمبر 413/2026 بجرم 23(i)A درج کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ماضی میں بھی مختلف تھانوں میں اسلحہ، ڈکیتی اور پولیس پر حملے سمیت متعدد مقدمات درج ہیں۔ ریکارڈ کے مطابق اس کے خلاف تھانہ عزیز بھٹی، لیاقت آباد، رضویہ اور بلال کالونی میں 2022 سے 2026 کے دوران کئی مقدمات درج کیے گئے۔

پولیس کے مطابق ملزم تھانہ رضویہ اور تھانہ لیاقت آباد کو مطلوب افراد کی فہرست (UTP List) میں بھی شامل تھا، جبکہ تھانہ بلال کالونی کے ایک مقدمے میں جوڈیشل مجسٹریٹ سینٹرل کی عدالت میں بھی غیر حاضر تھا۔

پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے ممکنہ ساتھیوں اور دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے معلومات حاصل کی جا سکیں۔

Exit mobile version