کراچی: سندھ یوتھ کارڈ کے اجراء کا عمل سندھ حکومت نے مکمل کر لیا ہے۔ صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش خان مہر کے مطابق اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم، مالی معاونت اور روزگار سے متعلق مختلف سہولیات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ یوتھ کارڈ کا افتتاح پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری رواں ماہ اگست کے آخری ہفتے میں کریں گے۔ ان کے مطابق پہلے مرحلے میں سندھ کے 30 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 15 سے 29 سال عمر کے ایک لاکھ نوجوان اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔
وزیر کھیل نے کہا کہ یوتھ کارڈ کے تحت نوجوانوں کو جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے لیے تعلیمی اسکالرشپس، بلا سود قرضے، مالی معاونت اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ ان کے تعلیمی اور معاشی مواقع میں اضافہ ہو سکے۔
سردار محمد بخش خان مہر کے مطابق سندھ یوتھ کارڈ کی رجسٹریشن مکمل طور پر آن لائن ہوگی اور درخواست دینے کا طریقہ کار آسان رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے کہ اس منصوبے کے ذریعے ایسے نوجوانوں تک بھی رسائی حاصل کی جائے جو ماضی میں حکومتی سہولیات سے محروم رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ سندھ یوتھ کارڈ صرف ان نوجوانوں کو جاری کیا جائے گا جن کے پاس سندھ کا ڈومیسائل موجود ہوگا، جبکہ ترجمان کے مطابق یہ کارڈ جے ایس بینک کے ذریعے جاری کیا جائے گا۔

