گٹکا مافیا کے خلاف کراچی کے ضلع کورنگی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گٹکا اور ماوا فروخت کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کورنگی پولیس کے مطابق کارروائی تھانہ کورنگی کی حدود میں کی گئی، جہاں پولیس نے یاسین ولد عبد الستار اور عادل حبیب ولد عبدالحبیب کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 55 پیکٹ گٹکا اور ماوا بھی برآمد کیے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ نمبر 367/2026 سندھ گٹکا/ماوا (انسداد) ایکٹ کی دفعہ 8(i) کے تحت تھانہ کورنگی میں درج کر لیا ہے، جبکہ دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم یاسین اس سے قبل بھی متعدد مقدمات میں نامزد رہ چکا ہے۔ اس کے خلاف مختلف برسوں میں سندھ گٹکا/ماوا (انسداد) ایکٹ اور تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت کئی مقدمات تھانہ کورنگی میں درج کیے جا چکے ہیں۔
ترجمان ضلع کورنگی پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی گٹکا اور ماوا کی فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکنی میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

