Site icon Tashakur News

انتظامی یونٹس: محسن نقوی نے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کو ملکی مسائل کا حل قرار دے دیا

انتظامی یونٹس کے قیام کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کے انتظامی اور حکومتی مسائل کے حل کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ نظام اپنی افادیت کھو چکا ہے اور بنیادی اصلاحات کے بغیر ملک کو درپیش چیلنجز حل نہیں ہو سکتے۔

اسلام آباد میں پاکستان کی پہلی اکنامک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ عموماً سیاسی گفتگو سے گریز کرتے ہیں، تاہم موجودہ حالات میں اس موضوع پر بات کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس نظام کے تحت ملک چل رہا ہے، وہ مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ کئی برس بعد بھی انہی مسائل پر گفتگو ہوتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کی جانب جانا ہوگا، کیونکہ مؤثر طرزِ حکمرانی کے لیے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی ضروری ہے۔ ان کے مطابق اس معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو ایک میز پر بیٹھ کر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا، جبکہ نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام کے بارے میں عوام کی رائے بھی لی جانی چاہیے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نوجوان میرٹ پر روزگار کے مواقع چاہتے ہیں اور انہیں بہتر مستقبل کی امید درکار ہے۔ ان کے بقول اگر نظام میں بنیادی اصلاحات نہ کی گئیں تو معاشی اور انتظامی مسائل مزید بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا بجٹ مسلسل قرضوں کے بوجھ تلے دب رہا ہے اور اس صورتحال سے نکلنے کے لیے نظام کو ازسرنو منظم کرنا ہوگا۔

محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف طویل اوقات تک کام کر رہے ہیں، تاہم ان کے بقول صرف مسلسل محنت کافی نہیں بلکہ نظامی اصلاحات ناگزیر ہیں۔

بعد ازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جب تک سیاست دان مل کر ملک کے نظام کو بہتر نہیں بنائیں گے، اس وقت تک دیگر اداروں کی کوششوں کے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوں گے۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل نے بھی متعدد مواقع پر جمہوری نظام کے تسلسل کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نظام میں بہتری کے لیے تمام سیاسی جماعتوں، بشمول مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف، کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، جبکہ بانی پاکستان تحریک انصاف سے متعلق معاملات کا فیصلہ عدالتیں کریں گی۔

ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے واضح کیا کہ وہ وفاقی وزیر داخلہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے اور وزارتِ خارجہ میں جانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔

Exit mobile version