Tashakur News

تجاوزات: صدر کے تجارتی علاقوں میں بڑا کریک ڈاؤن، ریگل چوک سے بوری بازار تک غیر قانونی تعمیرات ہٹا دی گئیں

تجاوزات کے خلاف کراچی کے علاقے صدر میں بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے انتظامیہ نے ریگل چوک، پریڈی اسٹریٹ، بوری بازار اور گرد و نواح سے غیر قانونی تعمیرات اور رکاوٹیں ہٹا دیں۔

یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر ساؤتھ، اسسٹنٹ کمشنر صدر، میونسپل کمشنر صدر عمار خان اور ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ علی اکبر مہر کی ہدایات پر کی گئی۔ ٹی ایم سی صدر کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے انچارج شاہنواز کی سربراہی میں آپریشن مکمل کیا۔

آپریشن کے دوران فٹ پاتھوں پر قائم اسٹالز، تھڑے، عارضی کیبن، غیر قانونی شیڈز، سائن بورڈز اور سڑکوں پر رکھی گئی رکاوٹوں کو بھاری مشینری کی مدد سے ہٹا دیا گیا۔ حکام نے متعدد اشیا بھی تحویل میں لے لیں اور تجاوزات قائم کرنے والوں کو آئندہ سرکاری اراضی، فٹ پاتھوں اور شاہراہوں پر قبضہ نہ کرنے کی سخت تنبیہ کی۔

انتظامیہ کے مطابق کارروائی کے بعد اہم شاہراہیں اور فٹ پاتھ شہریوں کے لیے کھول دیے گئے، جس سے پیدل چلنے والوں کی آمدورفت میں آسانی آئی جبکہ ٹریفک کی روانی بھی بہتر ہوئی۔

مقامی شہریوں اور تاجروں نے آپریشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صدر کے تمام تجارتی علاقوں میں تجاوزات کے خلاف ایسی کارروائیاں باقاعدگی سے جاری رکھی جائیں تاکہ عوام کو مستقل ریلیف مل سکے۔

ٹی ایم سی صدر کے اینٹی انکروچمنٹ انچارج شاہنواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم بلاامتیاز جاری رہے گی اور کسی بھی قسم کے دباؤ، سفارش یا بلیک میلنگ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور سرکاری سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات پر ناجائز قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق شہریوں کو صاف، کشادہ اور محفوظ ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

Exit mobile version