Tashakur News

کراچی واٹر: گلشن ٹاؤن ریکوری کیمپ میں 48 لاکھ روپے وصول، 68 لاکھ کی ادائیگی پر رضامندی

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ریکوری اینڈ ریونیو جنریشن (RRG) ڈپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام گلشن ٹاؤن میں ریکوری اور صارف آگاہی کیمپ منعقد کیا گیا، جہاں سینکڑوں صارفین نے واجبات کی ادائیگی، بلوں کی تصحیح اور دیگر سہولیات سے استفادہ کیا۔ کیمپ کے دوران 48 لاکھ روپے کی وصولی ہوئی، جبکہ 68 لاکھ روپے کی ادائیگی پر صارفین نے رضامندی ظاہر کی۔

واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق کیمپ میں مجموعی طور پر 388 صارفین نے شرکت کی۔ اس دوران 64 ڈپلیکیٹ بل جاری کیے گئے، 170 ٹوکن ادائیگیاں وصول ہوئیں، 80 لاکھ روپے کی مجموعی بلنگ کی گئی، جبکہ 290 بل اسٹبز بھی پراسیس کیے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ ان کیمپوں کا مقصد صرف واجبات کی وصولی نہیں بلکہ صارفین کو بلنگ، ادائیگی کے طریقۂ کار، بلوں کی تصحیح اور دیگر متعلقہ سہولیات ایک ہی مقام پر فراہم کرنا بھی ہے تاکہ ان کے مسائل بروقت اور مؤثر انداز میں حل کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے گلزارِ ہجری ٹاؤن، اسکیم 33 میں بھی اسی نوعیت کا کامیاب ریکوری اور صارف آگاہی کیمپ منعقد کیا گیا تھا، جہاں صارفین نے بھرپور تعاون کیا۔ اسی سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے مختلف ٹاؤنز میں مرحلہ وار مزید کیمپ منعقد کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو ان کی رہائش کے قریب معیاری اور ون ونڈو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ترجمان کے مطابق واٹر کارپوریشن انتظامیہ کی ہدایات کے تحت ریونیو نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، بلنگ اور وصولیوں کے نظام میں شفافیت بڑھانے اور صارفین کو سہولت پر مبنی خدمات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریکوری اور آگاہی کیمپ اسی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہیں، جن کے ذریعے صارفین کے مسائل فوری طور پر حل کرنے اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

Exit mobile version